میانوالی: (دنیا نیوز) میانوالی بڑی تباہی سے بچ گیا، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ پنجاب کے ضلع میانوالی میں رحمانی خیل موڑ کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، 6 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار ہو گئے، رائفلیں، تین دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق سی ٹی ڈی کا فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے، رحمانی خیل موڑ کے قریب ناکہ بندی کر لی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ، دہشت گرد پولیس چوکیوں پر بڑے حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر چکے تھے۔