فیصل آباد : (دنیا نیوز) فیصل آباد میں کم عمر گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق ہو گئی جبکہ پولیس نے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق روشن والا کے رہائشی ارشاد کی دو بیٹیاں عالیہ اور شمائلہ ملزم ذیشان کے گھر ملازمت کرتی تھیں، ملزم ذیشان اور اس کی اہلیہ نے مبینہ طور پر عالیہ پر تشدد کیا جس سے 13 سالہ عالیہ جاں بحق ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں بہنیں گزشتہ سات ماہ سے ملزم کے گھر ملازمت کررہی تھیں، ملزم ذیشان مقتولہ عالیہ کی نعش اس کے گھر چھوڑنے آیا تو ورثاء نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے ملزم ذیشان اور اس کی اہلیہ کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مقتولہ عالیہ کی لاش پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔