کراچی: (دنیا نیوز) ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ملیر جیل واقعے کا مقدمہ شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا، مقدمہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ملیر جیل کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق 3 جون رات 12 بج کر 5 منٹ پر زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے قیدی ملزمان کے چیخنے کی آوازیں آئیں۔
اس دوران کافی قیدیوں نے ساتھی قیدیوں کو اکسایا اور سرکل کے تالے توڑ کر ٹاور کی طرف آئے، اس دوران جیل عملے نے روکنے کی کوشش کی جس پر قیدیوں نے مزاحمت کی۔
قیدیوں نے جیل عملے پر لوہے کے سریوں اور ڈنڈوں سے حملہ بھی کیا اور اسلحہ چھین لیا، قیدیوں نے فرار ہوتے ہوئے اندھا فائرنگ کی۔
فائرنگ کی زد میں آکر مدعی مقدمہ سمیت ایف سی اہلکار زخمی ہوئے، قیدیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر 8 دیگر قیدی بھی زخمی ہوئے۔
مقدمے کے متن کے مطابق 88 قیدیوں کو پکڑ لیا گیا، فرار ہونے والے قیدیوں کی تفصیل علیحدہ مرتب کی گئی ہے۔