اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل اسلام آباد کی بڑی کارروائی، عمرہ ویزے کی آڑ میں گداگروں کی سمگلنگ میں ملوث ملزم سردار محمد عادل گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم عمرہ ویزہ کی آڑ میں انسانی سمگلنگ میں ملوث پایا گیا، ملزم نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر خواتین کو عمرہ ویزے پر سعودی عرب بھجوایا۔
بعد ازاں مذکورہ خواتین مبینہ طور پر گداگری میں ملوث رہیں، مذکورہ خواتین نے ویزہ کی معیاد ختم ہونے کے باوجود 10 ماہ تک سعودی عرب قیام کیا۔
زائد المعیاد قیام کی بنیاد پر خواتین کو پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا، خواتین کی نشاندہی پر ملزم سردار محمد عادل کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے ساتھ شریک دیگر ساتھیوں کے ملوث ہونے کا تعین کیا جا رہا ہے۔