حافظ آباد:(دنیا نیوز) پنجاب کے علاقے حافظ آباد میں اجتماعی زیادتی کے واقعہ کے معاملہ پر دو تھانیداروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ کسوکی کی حدود میں اجتماعی زیادتی کے واقعہ پر چوکی انچارج حمیدہ پورہ کاشف اور انسپکٹر لیگل منیب لیاقت کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے دونوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا کہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ 25 اپریل کو ہوا، متاثرہ فیملی نے تھانے کو اطلاع نہیں دی، وقوعہ کا علم ہونے پر چوکی انچارج نے ایک ملزم لئیق کو گرفتار کر لیا تھا، بعد ازاں چوکی انچارج کاشف نے گرفتار ملزم لئیق کو رشوت لے کر چھوڑ دیا۔
مقدمے کے متن میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ انسپکٹر لیگل منیب لیاقت نے ایک لاکھ 40 ہزار میں ڈیل کرائی تھی، انسپکٹر لیگل منیب لیاقت وقوعہ میں ملوث ہیں اور ملزم اکرام کا حقیقی چچا زاد بھائی ہے۔
واضح رہے اجتماعی زیادتی کیس میں ملوث ملزم خاور اور لئیق پہلے ہی مبینہ مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔