گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں جائیداد کا لالچ ایک افسوسناک خونی تنازع میں تبدیل ہو گیا جہاں چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول شاہد اپنی دوکان کے باہر بیٹھا تھا جب ملزم زاہد نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں بھائیوں کے درمیان جائیداد کی تقسیم پر کافی عرصے سے تنازع چل رہا تھا جو بالآخر اس اندوہناک انجام پر پہنچا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم زاہد فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گیا، جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔