راولپنڈی (ویب ڈیسک) ڈرگ کورٹ راولپنڈی ڈویژن نے غیر قانونی ادویات کیس میں جرم ثابت ہونے پر مجرم نسیم مسیح کو 19 سال قید اور 10 کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی ہے ۔
غیر رجسٹرڈ ادویات کی بغیر اجازت اور غیر قانونی فروخت کے مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے پر ڈرگ کورٹ کے جج محمد فیصل بٹ نے مجرم نسیم مسیح کو سزا سنا دی، مجرم کو ادویات کی غیر قانونی فروخت پر 5سال قید،4کروڑ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی، عدم ادائیگی جرمانہ پر ملزم کو مزید 15ماہ کی قید کا بھی حکم دیا گیا۔
قبضہ میں لی گئی ممنوعہ ادویات کی فروخت پر ملزم کو 2سال قید، 5لاکھ جرمانہ کہ سزا کا حکم دیا گیا، عدم ادائیگی جرمانہ پر ملزم کو مزید تین ماہ قید کاٹنا ہو گی، ڈرگ ایکٹ سیکشن 28ون کے تحت ملزم کو 10سال قید، 6کروڑ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دیا گیا عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزم کو مزید دو سال قید کاٹنا ہو گی۔
مزیدبرآں ڈرگ ایکٹ سیکشن 3 کے تحت ملزم کو 2سال قید، 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دیا گیا، عدم ادائیگی جرمانہ پر ملزم کو مزید تین ماہ قید کاٹنا ہوگی۔