کراچی: پولیس وردیوں میں ملبوس غیر ملکی گینگ کے 3 کارندے گرفتار

Published On 18 July,2025 05:42 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں پولیس وردیوں میں ملبوس غیر ملکی گینگ کے تین اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم پولیس کی وردیاں پہن کر ناکے لگاتے اور شہریوں سے نقدی، موبائل فون، قیمتی سامان اور حتیٰ کہ غیر ملکیوں کو بھی لوٹتے تھے، گینگ نے اب تک ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور دیگر پوش علاقوں میں 50 سے زائد وارداتیں کی ہیں۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ اس خطرناک گینگ کے کچھ ارکان وارداتوں کے بعد بیرون ملک فرار ہو جاتے تھے تاکہ گرفتاری سے بچ سکیں، ملزموں کی جانب سے غیر ملکی افراد کو لوٹنے کی ایک ویڈیو بھی حکام کو موصول ہو چکی ہے، جو تفتیش میں اہم ثبوت کے طور پر شامل کی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گینگ کا ایک اہم رکن تاحال مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔