گوجرانوالہ: تاوان کی خاطر اغوا ہونے والا 9 سالہ بچہ قتل

Published On 19 July,2025 02:22 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ کے تھانہ فیروز والا کی حدود میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں نو سالہ بچے شایان کو ایک کروڑ روپے تاوان کی غرض سے اغوا کرنے کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے بچے کو قتل کرنے کے بعد لاش ایک ویران حویلی میں دفن کر دی تھی۔

حکام نے بتایا کہ شایان کو چار روز قبل اُس کے گھر کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا، اغوا کاروں نے بچے کے ورثا کو اُس کا جوتا اور ایک یو ایس بی ڈیوائس بھیج کر ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس چار روز گزرنے کے باوجود ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لا سکی تاہم جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

شہریوں نے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔