کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 6 مختلف کارروائیوں کے دوران 12 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 219.421 کلو گرام منشیات ضبط کر کے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پشاور میں باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے مسافر کے پیٹ سے 541 گرام ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، کچہری روڈ سیالکوٹ پر واقع کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 480 گرام آئس پکڑی گئی۔
اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب ٹرک سے 3.6 کلو افیون اور 64.8 کلو چرس پکڑ کر 2 ملزمان کو زیر حراست لیا گیا، جبکہ نیشنل ہائی وے حیدرآباد کے قریب گاڑی سے 24 کلو چرس برآمد کر کے 2 ملزمان پکڑے گئے۔
اس کے علاوہ وڈھو واہ گیٹ حیدرآباد کے قریب گاڑی سے 48 کلو چرس اور ہزار گنجی کوئٹہ کے قریب سمگلنگ کیلئے چھپائی گئی 78 کلو ہیروئن برآمد کر کے ملزمان کو زیر حراست لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔