قصور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے 13 سالہ معصوم بچی کے وحشیانہ قتل میں ملوث ملزم کو اپنے انجام تک پہنچا دیا۔
تفصیلات کے مطابق کوٹ رادھا کشن کے علاقے بھمبہ کے قریب سی سی ڈی کی ٹیم نے مفرور ملزم صغیر کو ریڈ کرتے ہوئے گھیرے میں لیا، صغیر نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی میں ملزم مارا گیا، جبکہ اس کی ساتھی نگینہ بی بی کو گرفتار کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ گھنیکے، کوٹ رادھا کشن کا رہائشی صغیر اور نگینہ بی بی نے چند روز قبل مہک کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر ایک ویران کھیت میں لے گئے تھے، جہاں اسے ذبح کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
مہک جو بنک سٹاپ کی رہائشی تھی، نگینہ بی بی کے پاس رہائش پذیر تھی، ملزم صغیر اسے جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بناتا رہا تھا، قتل کے بعد ملزمان نے نعش کو کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے المناک واقعے کا نوٹس لیا تھا، جس کے بعد پولیس اور سی سی ڈی نے دن رات کام کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا۔