اے این ایف نے ایک کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات پکڑ لی، 7 ملزم گرفتار

Published On 30 July,2025 09:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق 7 مختلف کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 9 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 126.600 گرام منشیات برآمد کر کے 7 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کوریئر آفس سے بیلجیم سے میرپور بھیجے جانے والے پارسل سے 60 گرام وزنی 15 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ یارو، ضلع پشین کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے 6 کلو چرس اور 2 کلو آئس پکڑی گئی۔

کامونکی ٹول پلازہ گوجرانوالہ کے قریب موٹرسائیکل سے 9.5 کلو افیون اور 26.4 کلو چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، جامشورو میں بس میں سوار مسافر کے قبضے سے 12 کلو چرس ملی ہے۔

اس کے علاوہ جامشورو ٹول پلازہ کے قریب ملزم کے قبضے سے 9.6 کلو چرس پکڑی گئی، ترکائی ٹول پلازہ جہلم کے قریب ملزم کے قبضے سے 1 کلو چرس برآمد ہوئی جبکہ یونیورسٹی روڈ پشاور کے قریب گاڑی سے 60 کلو چرس برآمد کر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔