یونان کشتی حادثہ 2023 میں ملوث ملزم سمیت 5 انسانی سمگلرز گرفتار

Published On 06 August,2025 05:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے لاہور زون کی کارروائیاں، یونان کشتی حادثہ 2023 میں ملوث بدنام زمانہ ملزم سمیت 5 انسانی سمگلرز گرفتار کر لیے گئے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت سبطین عباس، بلال احمد، وسیم اعظم، محمد ریاض اور محمد عامر فاروق کے نام سے ہوئی، ملزمان کو چھاپہ مار کارروائیوں میں لاہور اور شیخوپورہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

ملزم سبطین عباس نے شہری کو اٹلی ورک ویزا پر بھجوانے کا جھانسہ دے کر 17 لاکھ روپے ہتھیائے، ملزم نے شہری کو غیر قانونی طریقے سے بذریعہ کشتی لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی۔

یونان کی سمندری حدود میں کشتی حادثے کا شکار ہو گئی تھی، کشتی حادثہ میں معصوم شہری لاپتہ ہوگیا تھا۔

گرفتار ملزم بلال احمد نے شہری سے قطر ورک ویزا پر بھجوانے کے نام پر 6 لاکھ 30 ہزار روپے بٹورے، ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا۔

ملزم بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گیا تھا، ملزم کے قبضہ سے 13 پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے۔

ملزمان وسیم اعظم ،محمد ریاض اور محمد عامر فاروق گلف میڈیکل کنسلٹنٹ کی آڑ میں انسانی سمگلنگ میں ملوث پائے گئے۔

گرفتار ملزموں کے قبضے سے 11 پاکستانی پاسپورٹ، 6 موبائل فون اور دیگر دستاویزی شواہد بشمول اصلی میڈیکل رپورٹس بھی برآمد ہو گئیں۔

گرفتار ملزمان سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے، ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔