راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کی میر حیدر کالونی میں ماں باپ کے تشدد کا شکار کمسن بچی اہل محلہ کی مداخلت پر بازیاب کرا لی گئی۔
پولیس نے اپنی ہی کمسن بیٹی کو تشدد کرکے زخمی کرنے والے میاں بیوی کے خلاف بچی کو محبوس رکھنے اور تشدد کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا، مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ دھمیال میں درج کیا گیا۔
متن مقدمہ کے مطابق پولیس کو بچی پر تشدد، زخمی ہونے اور والدین کے جھگڑے کی اطلاع 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر ملی تھی، اہل محلہ نے جب عمیر رشید سے کمسن بچی پر تشدد کے متعلق پوچھا تو ملزم نے ناراضی کا اظہار کیا، اہلیہ اور بچوں سمیت گھر کو تالا لگا کر چلا گیا۔
ایف آئی آر میں درج ہے کہ گھر سے بچی کے چیخنے اور دروازہ کھٹکھٹانے پر پولیس موقع پرپہنچی، اہل محلہ سمیت پولیس کے گھر داخل ہونے پر بند کمرے سے زخمی حالت میں بچی کو بازیاب کروایا گیا۔