سانگھڑ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے صحافی خاور حسین کی لاش برآمد

Published On 17 August,2025 08:42 am

کراچی: (دنیا نیوز) سانگھڑ میں حیدرآباد روڈ سے کراچی سے تعلق رکھنے والے صحافی خاور حسین کی لاش ملی ہے۔

متوفی خاور حسین کراچی میں نجی ٹی وی چینل سے منسلک تھے، ان کا آبائی گھر سانگھڑ میں ہے، ان کی نعش گاڑی سے ملی ہے جبکہ ان کے سر میں گولی لگی ہوئی تھی، جائے وقوعہ سے پستول بھی برآمد ہوا ہے۔

ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن نے بتایا کہ گاڑی سے ملنے والا خاور حسین کا پستول اپنا تھا، جو اس نے سیفٹی کے لیے رکھا ہوا تھا، خاور جائے وقوعہ پر گاڑی پارک کرکے دو بار واش روم گیا،سی سی ٹی وی کے مطابق وہ اکیلا تھا۔

فیصل بشیر میمن نے مزید بتایا کہ خاور نے ہوٹل کے منیجر سے جاکر واش روم کا پوچھا، پھر واپس گاڑی میں آکر بیٹھ گیا، خاور دوبارہ گاڑی سے اترا اور پھر چوکیدار سے واش روم کا پوچھا، پھر واش روم کے پاس گیا اور واپس آکر دوبارہ گاڑی میں بیٹھ گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سی سی ٹی وی میں خاور اکیلا نظر آرہا ہے، سی سی ٹی وی کیمرے ڈرائیونگ سیٹ کے دوسری طرف لگے ہوئے تھے، سی سی ٹی وی میں کوئی نظر نہیں آیا، ہوٹل منیجر نے چوکیدار کو کہا کہ ان سے پوچھو کچھ آرڈر کریں گے یا نہیں، کافی دیر ہوگئی ہے ان کو، چوکیدار جب گاڑی کے پاس گیا تو اندر خاور کی گولی لگی لاش پڑی تھی۔

ڈی آئی جی فیصل بشیر نے کہا کہ خاور ڈپریشن کا شکار لگ رہا تھا، ہم ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے، تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں، مئی میں خاور نے ماں باپ کو امریکہ شفٹ کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ خاور حسین سانگھڑ مجلس میں شرکت کرنے گیا تھا، ان کے بہنوئی کے گھر کل مجلس تھی، خاور مجلس میں نہیں گیا۔

قبل ازیں پولیس حکام نے بتایا تھا کہ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے کہ واقعہ کیسے پیش آیا، پولیس ٹیم ہر پہلو سے تفتیش شروع کر رہی ہے، جائے وقوعہ سے شواہد جمع کئے جا رہے ہیں، گاڑی سے ملنے والے اسلحہ کو فارنزک لیب بھیجا گیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر ہی ہلاکت کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔

ایس ایس پی سانگھڑ عابد علی بلوچ کی نگرانی میں خاور حسین کا پوسٹ مارٹم ہو گیا ہے، فنگر پرنٹس حاصل کر کے لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، صحافی خاور حسین کے والدین امریکا سے آج پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے، لاش حیدر آباد سردخانے میں منتقل کی جائے گی۔

دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے صحافی خاور حسین کی غیرطبعی موت کا نوٹس لیا ہے اور آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ نے پولیس کے بہترین افسرکو تفتیش سونپنےکی ہدایت کرتے ہوئےکہا ہےکہ تحقیقات کرکے موت کی اصل وجہ کا پتا لگایا جائے۔