خاتون نے اپنے ہی دو کم عمر بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا

Published On 14 August,2025 07:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں دوہرے قتل کا افسوسناک واقعہ سامنے آگیا، خاتون نے اپنے ہی دو کم عمر بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔

 ایس ایس پی سائوتھ مہزورعلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خیابان مجاہد سٹریٹ نمبر 10 کے ایک بنگلے میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، والدہ ادیبہ نے اپنے دو کم عمر بچوں 8 سالہ ضرار اور چار سالہ بیٹی سمیعہ کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان 2024 میں عدالت سے طلاق ہوئی، عدالت نے بچوں کی حوالگی والد کے سپرد کی تھی۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق بچے اپنی والدہ سے ملنے آتے رہتے تھے، بچوں کا والد نجی کمپنی میں ملازم ہے۔

مہروز علی کے مطابق بچوں کی والدہ ہاؤس وائف تھی اور گھر میں تنہا رہتی تھی، ملزمہ ادیبہ کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے کہا کہ کل دوپہر بچے اپنی ماں سے ملنے آئے تھے جس کے بعد آج یہ واقعہ رونما ہوا ہے، ملزمہ نفسیاتی مسائل کا شکار بتائی جاتی ہے، واقعہ کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔