بیرون ملک منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام، دو خواتین سمیت 3 ملزمان گرفتار

Published On 22 August,2025 09:14 am

کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بیرون ملک منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو خواتین سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کر کے عمرے کیلئے سعودی عرب روانہ ہونے والے مسافر، ماں اور بیوی سے منشیات برآمد کر کے ملزمان کو زیر حراست لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی بیوی اور ساس نے مجموعی طور پر پیٹ میں ہیروئین بھرے 83 کیپسول نگل رکھے تھے، ملزم کی بیوی سے 12 اور ساس سے 71 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے ہیں، دونوں خواتین کے پیٹ سے برآمد ہونے والی ہیروئن کی مقدار 549 گرام ہے۔

پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولز کی تصدیق کیلئے ملزمان کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ترجمان اےاین ایف کے مطابق ملزمان سے گروہ کے دیگر افراد کی گرفتاری کے حوالے سے تفتیش جاری ہے، ملزمان کو اے این ایف پولیس سٹیشن منتقل کر کے انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔