لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں پولیس یونیفارم میں ملبوس ملزمان نے شہری کو اغواء کرکے لاکھوں روپے تاوان وصول کر لیا۔
ہربنس پورہ کے علاقہ میں چار مبینہ پولیس اہلکاروں نے تلاشی کے لیے روک کر شہری ندیم کو اغواء کیا، ملزمان شہری کو منہ پر رومال ڈال کر ایک گھر لے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے دس کروڑ روپے کی ڈیمانڈ کی، ملزمان نے شہری کی گاڑی میں موجود 15 لاکھ چھینے اور اس کے دوست علی رضا سے فون کرکے 25 لاکھ منگوائے۔
ملزمان نے شہری کی دو تولے کی چین بھی اتروائی اور اسے رنگ روڈ کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے، پولیس نے شہری کے بیان پر اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جلد ہی ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا جائے گا۔