شہریوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے میں ملوث انسانی سمگلر سمیت 4 ملزم گرفتار

Published On 20 October,2025 07:30 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ایف آئی اے گوجرانوالہ کی انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائی، سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے میں ملوث انسانی سمگلر سمیت 4 ملزمان گرفتار کر لئے۔

گرفتار ملزموں میں ثناور عباس، ماجد گجر، ساغر عباس اور منور شامل ہیں، ملزمان کو گجرات، منڈی بہاؤ الدین، نارووال اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

ملزم ثناور عباس نے شہری کو غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ بھجوانے کی کوشش کی، ملزمان نے سپین بھجوانے کے نام پر متاثرہ شخص سے 60 لاکھ روپے ہتھیائے۔

ملزم نے شہری کو موریطانیہ سے غیر قانونی سمندر کے راستے سپین بھجوانے کی کوشش کی، متاثرہ شہری نے غیر قانونی سمندر کے راستے سے یورپ جانے سے انکار کر دیا اور وطن واپس آگیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم ساغر عباس نے شہری کو اٹلی ملازمت کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے، ملزم منور نے شہری کو ویتنام ملازمت کا جھانسہ دے کر 4 لاکھ روپے وصول کئے۔

ملزم ماجد گجر نے شہری کو ترکی بھجوانے کے نام پر1 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے، ملزم سال 2019 سے کمپوزٹ سرکل گجرات کو مطلوب تھا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے، گرفتار ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔