کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک جبکہ 5 زخمیوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔
قصبہ کالونی پراچہ چوک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں عمران نامی ڈاکو ہلاک ہو گیا، ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا، بلال کالونی پولیس کا دوران گشت ملزمان سے سامنا ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے اسلحہ چھینا ہوا سامان اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
منگھو پیر پولیس نے حب ریور روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزموں نے فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
شارع نور جہاں پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزم کا ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گارڈن پولیس نے دھوبی گھاٹ کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
گرفتار تمام ملزموں کا مزید کریمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔



