اداکارہ نور نے وڈیو شئیرنگ ویب سائیٹ یوٹیوب پر اپنے باضابطہ چینل میں براہ راست نشر ہونے والے پیغام میں کہا کہ ان کے نام سے بہت سارے جعلی اکاؤنٹس موجود ہیں جہاں ان کی وڈیوز اپ لوڈ کی جاتی ہیں لہذا انہوں نے سوچا کہ اپنے مداحوں سے براہ راست رابطے میں رہنے کے لیے اپنا چینل لانچ کیا جائے جس میں وہ تمام لوگوں سے بات کرسکیں۔
نور نے کہا آپ تمام لوگ میری زندگی کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں لیکن بہت کچھ ایسا بھی ہے جو نہیں جانتے، میری زندگی میں بہت سارے اتار چڑھاؤ آئے ہیں جو میں آپ لوگوں سے شیئر کرنا چاہتی ہوں کہ کس طرح ایک اداکارہ سے میں دین کی جانب مائل ہوئی۔ اس کے علاوہ میں خدا کے قریب کیسے ہوئی۔
اداکارہ نے کہا میں اپنےمذہب کو سمجھنے کی پوری کوشش کررہی ہوں اور یہی سب آپ کے ساتھ اپنے نئے چینل پر شیئر کروں گی۔اداکارہ نور نے یہ بھی کہا کہ دین اور مذہب کے علاوہ اس چینل پر خوبصورتی، فٹنس اور خواتین کے مسائل پر بھی بات کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مجھے اپنی زندگی میں جتنا تجربہ حاصل ہوا ہے اس کی روشنی میں میں خواتین کے مسائل حل کرنے کی کوشش کروں گی۔
اداکارہ نور نے اپنےنئے یوٹیوب چینل کے بارے میں اپنے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی اطلاع دی اور اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی کہ ان کے نئے چینل کو زیادہ سے زیادہ لائک کریں۔