15 سالہ لڑکی نے سلمان خان سے ملاقات کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈال دی

Last Updated On 05 April,2018 06:33 pm

ممبئی: (آن لائن) سب ہی اپنے پسندیدہ اداکاروں سے ملنے کی خواہش رکھتے ہیں لیکن بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان کی ایک مداح نے ان سے ملاقات کرنے کی خواہش میں اپنی جان خطرے میں ڈال دی۔

جمعرات کو بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 15 سالہ لڑکی نے مادھیا پردیش سے ممبئی پہنچ کر سلمان خان سے ملاقات کی خطرناک کوشش کی،اس مداح نے ممبئی کے علاقے باندرہ میں موجود سلمان خان کے فلیٹ پہنچ کر وہاں موجود سیکیورٹی گارڈز سے سلمان خان سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، تاہم گارڈز کے منع کرنے پر مداح کو وہاں سے بھیج دیا گیا،البتہ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس لڑکی نے فلیٹ کی دیوار چھڑنے کی کوشش کی جسے گارڈز کی جانب سے ناکام بنا دیا گیا جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر اس لڑکی کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق یہ لڑکی بیراسیا نامی شہر سے ممبئی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ لڑکی کے پاس موجود کارڈز سے اس کے گھر کا پتہ حاصل کیا گیا،جس کے بعد اس کے والدین کو بھی اطلاع دی جاچکی ہے۔ تفتیش کے بعد اس لڑکی کو چلڈرن ہوم منتقل کر دیا گیا ہے،جبکہ اس کے والدین جلد ممبئی پہنچ کر اسے واپس لے جائیں گے۔