لاہور: (دنیا نیوز) معروف قوال استاد نصرت فتح علی خاں مرحوم کی بیٹی میدان میں آ گئیں، ندا نصرت کہتی ہیں کہ راحت فتح علی خاں سے شادی نہیں کی، کھوکھر پروڈکشن نےجعلی دستخط کرکے کاپی رائٹس کاغلط استعمال کیا۔
استاد نصرت فتح علی خاں مرحوم کی بیٹی ندا نصرت نے لاہور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے راحت فتح علی خاں سے شادی کی خبروں کو غلط قرار دیدیا ۔ان کاکہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر غلط فہمیاں پھیلائی گئیں۔حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ والد کی وفات کے بعد فیملی کے ساتھ کینیڈا منتقل ہوگئی ہیں لیکن پاکستان آتی جاتی رہیں گی۔ کیونکہ طویل عرصے سے ان کے والد کے گانے اور قوالیوں کو غیر قانونی طور پر گایا اور استعمال کیا جاتا رہا۔ جو اب قابل قبول نہیں ہو گا۔
ندا نصرت نے کہا کہ راحت فتح علی خاں اچھا کام کر رہے ہیں مگر اب ان کو بھی نصرت فتح علی خاں مرحوم کے کلام ، قوالیاں اور گیت استعمال کرنے سے پہلے اجازت لینا ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں ندا نصرت کا کہنا تھا کہ ابھی ان کا گائیکی کا کوئی ارادہ نہیں تاہم مستقبل میں وہ یہ کام کرسکتی ہیں۔ ندا نصرت نے اعلان کیا کہ وہ جلد اپنے والد کے وہ گانے اور قوالیاں لانچ کریں گی جن کو ابھی تک ریلیز نہیں کیا گیا۔