امریکہ :ساﺅتھ ایشین فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلموں کی نمائش ہوگی

Last Updated On 17 September,2018 12:09 pm

کراچی(روزنامہ دنیا )امریکہ میں 25 روزہ 13 واں تصویر ساﺅتھ ایشین انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2018 کا آغاز ہوگیا جس میں پاکستانی فلموں کی بھی نمائش ہوگی ۔ مذکورہ فیسٹیول کا آغاز آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے کی فلم سے ہوا ،مذکورہ فیسٹیول میں ہر سال ایک ملک کو فوکس کیا جاتا ہے اور فلموں کے ذریعے اس ملک کا کلچر، پس منظر ، معاشرتی اقدار و مسائل کو اجاگر کیا جاتا ہے اس بار یہ اعزاز پاکستان کو حاصل ہوا ہے۔

فیسٹیول کی تھیم (Know Me ) ہے ۔ شرمین عبید چنائے نے فیسٹیول کے تعارفی سیشن سے خطاب کیا اسی روزانکی دستاویزی فلم ”آ گرل ان دا ریور“ دکھائی گئی اس کےساتھ ان کی آنےوالی فلموں کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں ۔

فیسٹیول کے دوران 28 ستمبر کو ریڈ کارپٹ پر پاکستانی فلم ” کیک“ کو خصوصی اہمیت دی جائےگی ۔ فلم کے ہدایتکار عاصم عباسی سمیت فنکار آمنہ شیخ اور صنم سعید بھی یہاں جمع ہونگے ،فیسٹیول میں ہر سال ایک فلم کو سال کی خاص فلم قرار دیا جاتا ہے اس بار یہ اعزاز فلم ”کیک“ کو ملنے کی امید ہے ۔


”کیک “کے علاوہ ہدایتکارہ مہرین جبارکی فلم ” لالہ بیگم “ 29ستمبر کو دکھائی جائےگی جو اب تک ملکی سینما گھروں میں نمائش پذیر نہیں ہوئی لیکن مختلف فلم فیسٹیولز میں دکھائی جاچکی ہے اس روز مہرین جبار بھی موجود ہوں گی۔فلم میں مرکزی کردار سونیا رحمن اور مرینہ خان نے اداکئے ہیں ۔


ان فلموں کے علاوہ پاکستان سے دیگر فلمیں بھی اس فیسٹیول کا حصہ ہیں جن میں شرمین عبید چنائے کی دوسری فلم ”لک بٹ ود لو“ ، سرمد مسعود کی فلم ” مائی پیور لینڈ “ اور علی اسامہ باجوہ کی فلم ” گورکھ دھندا“ وغیرہ شامل ہیں۔امریکہ کے مختلف شہروں میں دکھائی جانےوالی 60 فلموں کے فیسٹیول میں تقریبا 3 ہزار شرکاموجود ہونگے ،تقریب کا اختتام مصری فلم ”پٹاخہ “ اور میوزیکل گالا شو سے ہوگا۔


 

Advertisement