ممبئی: (ویب ڈیسک) بگ باس سے شہرت پانے والے اداکار اعجا ز خان کو گزشتہ رات ہوٹل کے کمرے سے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی انسداد منشیات سیل نے گزشتہ رات ایک بیکاسر میں واقع ایک ہوٹل میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اداکار اعجاز خان کو اپنی حراست میں لے لیاہے۔ خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اعجاز خان کے قبضہ سے منشیات برآمد کی گئی ہیں اور انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہناہے کہ اعجاز خان کے قبضہ سے 8’ایکٹیسی‘ کی گولیاں برآمد کی گئیں ۔اداکار اعجاز خان کو انسددادمنشیات سیل نے نشے کی حالت میں گرفتار کیا جبکہ ان کے دو موبائل فونز بھی اپنے قبضہ میں لے لیے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں ایک خاتون نے بھی اعجاز خان کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کروائی تھی۔خاتون نے اداکار پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ انہیں مسلسل نازیبا پیغامات بھیج کر پریشان کررہے ہیں۔بعدازاں پولیس نے اداکار کو گرفتار کیا، جس کے بعد عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کیا تھا۔
یاد رہے کہ اعجاز خان نے بگ باس سیزن 7 کا حصہ بننے کے بعد شہرت کمائی اس کے علاوہ وہ کئی اور شوز میں بھی جلوہ گر ہوئے۔ وہ 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سنگھم ریٹرنز‘ کا بھی حصہ تھے۔
یہا ں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اعجاز خان نے ماضی میں” رخت چرترا‘ جیسی مضبوط کہانی والی فلم میں بھی اداکاری کی تھی تاہم اس کے علاوہ انہوں نے فلم ” اللہ کے بندے “ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔