ممبئی: (ویب ڈیسک) سنہ 1997 میں پہلی بار نشر ہونے والے اس سیریز سے قبل ٹی وی پر کئی کرائم شو آئے لیکن دیکھتے ہی دیکھتے بی پی سنگھ کی ہدایت میں بننے والا ٹی وی شو 'سی آئی ڈی' اپنے وقت کا سب سے مقبول کرائم شو بن گیا۔ سی آئی ڈی کا شمار بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین شوز میں ہوتا ہے جس نے مسلسل 21 سالوں تک شائقین کے دل ودماغ پر قبضہ جمائے رکھا تاہم اسے اب بند کر دیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے ذریعے سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق اے سی پی پردیومن اب ہر تفتیش کی ابتدا سے قبل کچھ تو گڑبڑ ہے دَیا بولتے نظر نہیں آئیں گے اور نہ ہی دَیا دروازہ توڑتے ہوئے نظر آئيں گے۔ کیونکہ سونی ٹی وی چینل کا شو سی آئی ڈی 21 سال چلنے کے بعد روک دیا گیا ہے۔
اس شو میں سینیئر انسپکٹر دَیا کا کردار ادا کرنے والے دیانند شیٹی نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا اس شو کے بند کرانے کے پس پشت کون ہیں۔ گر چہ شو کے پروڈیوسرز نے سی آئی ڈی کے بند ہونے کا اعلان اب کیا لیکن دَیانند کے مطابق دو سال سے اسے بند کرنے کی بات گشت کر رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: معرو ف ٹی وی شو ” سی آئی ڈی “ کو بند کرنیکا فیصلہ
انھوں نے کہا کہ سونی چینل اس شو کو بند کرنے کے لیے دو سال سے کوشاں تھا لیکن وہ چاہتا تھا کہ پروڈیوسرز خود ہی اسے بند کردیں اور ان کے سر اسے بند کرنے کا الزام نہیں آئے۔ انھوں نے کہا: ہمارا شو جمعہ، سنیچر اور اتوار کو نشر ہوتا تھا۔ پہلے سونی نے اسے جمعے کو نشر کرنا بند کیا اور پھر کبھی سنیچر کو اس کی نشریات بند کر دیتے تو کبھی اتوار کو۔
اس کے لیے وہ ٹی آر پی کا حوالہ دیتے کہ اسے کم لوگ دیکھ رہے ہیں لیکن دیانند کے مطابق سونی کے دوسرے شوز کے مقابلے میں اس شو کا حال ٹھیک تھا اور یہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا تھا۔
انھوں نے کہا: لیکن چینل نے یہ طے کر لیا تھا کہ شو اب پرانا ہو چکا ہے اور اسے بند کر دینا چاہیے۔ جبکہ آج بھی چھوٹے بچے اس شو کو دیکھتے ہیں۔ جب شو بند ہونے کی خبر آئي تو لوگوں نے سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات شیئر کیے۔لوگوں نے #SaveCID کے ساتھ شو کے بند ہونے کے خلاف مہم میں شرکت کی۔
دیانند شیٹی نے خاص طور پر بچوں کو شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: اس شو کو ابتدا سے ہی بچوں نے پسند کیا اور اب بھی وہ اسے پسند کرتے ہیں۔ انھوں نے ہی اس شو کو جلا بخشی۔ انھوں نے بتایا کہ ان کے پڑوس میں رہنے والا ایک سات سالہ بچہ اس شو سے اس قدر منسلک تھا کہ اس نے یو ٹیوب سے تلاش کرکے سی آئی ڈی کی پرانے قسطیں بھی دیکھی ہیں۔ لیکن بچوں میں مقبول یہ سیریز 21 سال کا ہو گیا تھا اور اب چینل والوں کو پرانا لگنے لگا تھا۔
دَیانند شیٹی کہتے ہیں کہ اس شو کے بند ہونے کے بعد وہ سب سے زیادہ سیٹ پر سب کے ساتھ مل بیٹھ کر کھانا کھانے کو بہت یاد کریں گے۔ وہ سی آئی ڈی کو ایک بہت بڑا خاندان کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ شو کے بند ہونے کے بعد بھی یہ سب اسی طرح جڑے رہیں گے۔
جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ سی آئی ڈی‘ کی واپسی کی کوئی امید ہے تو انھوں نے ناامیدی ظاہر کی اور کہا کہ اگر سی آئی ڈی واپس آتا ہے تو سونی پر نہیں آئے گا۔ شاید کسی دوسرے نام سے، مختلف انداز میں ویب سیریز کے طرز پر آ سکتا ہے لیکن ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔تاہم انھوں نے بتایا کہ تخلیقی ٹیم اور شو کے پروڈیوسرز کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔