لاہور: (روزنامہ دنیا) حکومت کی طرف سے تمغہ امتیاز ملنے پرآن لائن تنقید اور تضحیک کا نشانہ بننے والی اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ آن لائن تنقید اور تضحیک کئی لوگوں کی خودکشی کا باعث بن چکی ہے۔
مہوش حیات، تمغہ امتیاز ملنے کے اعلان سے تاحال شائقین کی شدید تنقید کی زد میں ہیںِ۔ اس صورتحال پر ان کا کہنا ہے کہ تنقید کے باعث کئی لوگ خودکشی کر چکے، اس لئے اب اسے روکنے کا وقت آ چکا ہے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ آرٹس سے تعلق رکھنے والے افراد کو سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے ایک جیسا سوچنا ہو گا اور اس کیخلاف مہم چلانا ہو گی۔ واضح رہے سوشل میڈیا پر مہوش حیات پر کی جانے والی تنقید پر جہاں شوبز کی بعض شخصیات نے ان کا ساتھ دیا، وہیں صحافی اور سماجی کارکنان نے بھی ان کی حمایت کی تھی۔
یاد رہے کہ تنقید کرنے والوں کا موقف رہا ہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں مہوش حیات سے کئی گنا زیادہ خدمات سر انجام دینے والے سینئر اداکار موجود ہیں، حکومت نے مہوش کو ایوارڈ دے کر میرٹ کے خلاف اقدام اٹھایا۔