لاہور: (روزنامہ دنیا) ہدایتکار کمال خان کی فلم ’’لال کبوتر‘‘ آسٹریلیا میں ریلیز کر دی گئی، اسے پاکستان میں رواں برس 22 مارچ کو سینما ہاوسز کی زینت بنایا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں فلم کی ریلیز کو پاکستان فلم انڈسٹری کی بہت بڑی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔ فلم آسٹریلیا کے شہر سڈنی، پرتھ ، برسبین، ایڈیلیڈ اور میلبورن کے دس سے زائد سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی گئی ہے جہاں پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد فلم دیکھنے سینما گھروں کا رخ کر رہی ہے۔
فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ "لال کبوتر" چھوٹے بجٹ کی معیاری فلم ہے جس میں وارڈروب، پروڈکشن ڈیزائن، سٹائلنگ اور بیک گراونڈ میوزک سمیت ہر تکنیکی شعبے کا خصوصیت سے خیال رکھا گیا ہے۔