لاہور: (ویب ڈیسک) پنجابی فلم جو کہ اپنی کاسٹ کے حوالے سے منفرد فلم سمجھی جارہی تھی اب باکس آفس پر بھی رنگ جمانے میں کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ایک عرصے بعد کسی پنجابی فلم میں پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کو ایک ساتھ کاسٹ کیا گیا جو کہ مداحوں کی توجہ مبذول کرنے میں خاصا کامیاب ہوا ہے۔
آئی ایم ڈی بی، بک مائی شاپ اور دیگر فلم ناقد ویب سائٹس پر اس فلم کے بارے میں اچھے ریووز آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ البتہ فلم بھارتی سنیماؤں میں پہلے دن 77 لاکھ بھارتی روپے کما کر کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکی مگر اگلے روز شانداز کم بیک کرتے ہوئے 2 کروڑ اور تیسرے دن ڈیڑھ کروڑ کی کمائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔ اسی طرح چوتھے دن 1 کروڑ، پانچویں دن ڈھائی کروڑ اور چھٹے دن اس فلم کی کمائی دو کروڑ تھی۔
فلمی پنڈتوں کے مطابق کم بجٹ میں بننے والی پنجابی فلم کا اس انداز میں بزنس کرنا شاندار ہے۔ واضح رہے کہ چل میرا پت کے مرکزی کرداروں میں دنیا نیوز کے معروف و مقبول پروگرام مذاق رات کے اداکار و معروف کامیڈین افتخار ٹھاکر اور اکرم اداس بھی شامل ہیں۔ دیگر کرداروں میں پاکستانی فنکار ناصر چنیوٹی، بھارتی فنکار امریندر گِل شامل ہیں۔