لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ اور گلوکارہ رابی پیر زادہ پر سانپ، اژدھوں اور مگر مچھ رکھنے کی پاداش پر جیل کی تلوار لٹکنے لگی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت میں رابی پیر زاد کیخلاف محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت کے دوران محکمہ جنگلی حیات نے رابی پیرزادہ کیخلاف عدالتی چالان پیش کیا اور عدالت کو بتایا کہ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو میں اعتراف کیا کہ میرے پاس سانپ، اژدھے اور مگر مچھ پانچ سال سے ہیں۔
ادارے کی طرف سے جمع کرائے گئے چالان میں مزید کہا گیا ہے کہ سانپ، اژدھوں اور مگر مچھ کو گھر میں رکھنا جنگلی حیات کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، خطرناک عمل بھی ہے اور ایسا قدم اٹھانے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔
محکمہ جنگلی حیات کا نوٹس، رابی پیرزادہ کا سانپ، مگرمچھ، 4اژدھے رکھنے پر چالان
عدالت نے محکمہ جنگلی حیات و جنگلات کی جانب سے پیش کیے گئے چالان کے بعد اداکارہ اور گلوکارہ رابی پیر زاد کو سمن جاری کر دیا ہے اور انہیں 27 ستمبر کو عدالت طلب کیا ہے جبکہ محکمہ جنگلی حیات کو گلوکارہ کے گھر کی تلاشی لینے کی بھی اجازت دیدی ہے۔ اگر گلوکارہ پر جرم ثابت ہو گیا تو انہیں جرمانے اور قید کی سزا ہو گی۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ کی ’سانپ، اژدھوں اور مگر مچھ‘ کے ساتھ ایک ویڈیو وائرل ہو رہی تھی۔ ویڈیو میں رابی پیرزادہ کو ان کے گھر میں مقامی لباس میں ’سانپ، اژدھوں اور مگر مچھ‘ کے ساتھ دیکھا جا سکتا تھا۔ ویڈیو میں رابی پیرزادہ کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے گئے مظالم پر انہیں دھمکی دیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک گانا بھی گایا تھا۔
تاہم ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد رابی پیرزادہ کی مشکلات بڑھ گئیں اور پنجاب کے محکمہ وائلڈ لائف نے ان کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے عدالت سے ان کے خلاف کارروائی کی اجازت مانگ لی۔ پنجاب کے محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات نے لاہور کی مقامی عدالت میں رابی پیرزادہ کے خلاف چالان پیش کرتے ہوئے عدالت سے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی اجازت مانگ لی۔