ملتان: ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت مکمل، کیس کا فیصلہ کل سنائے جانے کا امکان

Last Updated On 26 September,2019 03:16 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں معروف ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت مکمل ہو گئی جس کے بعد فیصلہ کل سنائے جانے کا امکان ہے، کیس کی سماعت 3 سال اور 2 ماہ میں مکمل ہوئی۔

معروف ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کیس کی سماعت ماڈل کورٹ میں مکمل ہو گئی ہے، سماعت کے آخری روز پراسکیویشن اور ملزمان کے وکلاء نے ماڈل کورٹ کے جج عمران شفیع کی عدالت میں جرح کی جس کے بعد جج عمران شفیع نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جسے کل سنائے جانے کا امکان ہے۔

معروف ماڈل قندیل بلوچ کو 15 اور 16 جولائی 2016 کی درمیانی شب بھائی وسیم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر قتل کر دیا تھا، پولیس نے قتل کا مقدمہ قندیل بلوچ کے والد عظیم ماڑھا کی مدعیت میں نامزد ملزمان محمد وسیم، ظفر اقبال ، حق نواز، عبدالباسط، اسلم شاہین، عارف، مفتی عبدالقوی کے خلاف درج کیا تھا جبکہ مقدمے میں غیرت کی دفعہ 311 کا اندراج اکتوبر 2016 میں قانون پاس ہونے کے بعد کیا گیا۔

قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت چار مختلف عدالتوں جوڈیشل مجیسٹریٹ، سیشن جج، ایڈیشنل سیشن عدالت اور ماڈل کورٹ میں ہوئی، کیس میں پراسیکیوشن کے 35 سے زائد گواہان نے بیانات ریکارڈ کرائے جبکہ پراسیکیویشن کے چار گواہان اپنے پولیس کو دیئے گئے بیان سے منحرف بھی ہوئے۔

کیس میں مرکزی ملزم محمد وسیم بھی 161 کے تحت پولیس کو دیئے گئے اقرار جرم کے بیان سے منحرف ہو گیا، عدالت میں قندیل بلوچ کے والدین نے بیٹوں کو معاف کرنے کی بھی درخواست دی جسے عدالت نے خارج کر دیا۔