پاکستان، سری لنکا کے مابین آج پہلا ون ڈے، بارش کے سبب میچ میں‌ تاخیر کا امکان

Last Updated On 27 September,2019 02:13 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں آج عالمی کرکٹ کی بہار آنے کو ہے، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں پہلے ون ڈے کیلئے مدمقابل ہونے کو تیار ہیں تاہم آج کراچی میں‌ ہونے والی موسلا دھار بارش کے سبب میچ میں‌ تاخیر کا امکان ہے.

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا معرکہ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے کو ہے جو پاکستانی وقت کے مطابق آج سہ پہر تین بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کے سبب میچ میں معمولی تاخیر کا امکان ہے۔ بارش کے باعث کل ہونے والا میچ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، تینوں ون ڈے میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ آج پہلے ایک روزہ میچ میں جول ولسن اور احسن رضا آن فیلڈ امپائر، مائیکل گف ٹی وی امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔ 

انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیریز کے دوران سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ سٹیڈیم آنے والوں کیلئے پارکنگ انتظامات اور ٹریفک کیلئے متبادل راستوں کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے بتایا کہ ٹیموں کے سٹیڈیم سے ہوٹل تک کے راستوں کے دوران تقریباً ساڑھے 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ رینجرز کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے راستوں کے ساتھ ساتھ سٹیڈیم کے اندر پاک فوج کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی، سٹیڈیم میں رینجرز بھی موجود ہو گی جبکہ پارکنگ ایریاز میں پولیس اور رینجرز دونوں کو تعینات کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں صرف سٹیڈیم کے احاطے میں تقریباً 1300 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ ٹریفک کے انتظامات بھی کئے جا چکے ہیں تاکہ شہریوں کو تکلیف سے بچایا جا سکے۔ پاکستان اور سری لنکا کے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے بعد لاہور میں ٹی 20سیریز شیڈول ہے۔