رواں مالی سال، پہلے 3 ماہ کی ٹیکس وصولیوں میں 100 ارب روپے سے زائد کمی کا خدشہ

Last Updated On 27 September,2019 03:38 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حکومت نے ٹیکس وصولیوں کے بڑے اہداف تو سیٹ کر لئے مگر معاشی سست روی اور دیگر مسائل کے باعث رواں مالی سال کے تقریبا تین ماہ میں ٹیکس وصولیوں میں 100 ارب روپے سے زائد کمی کا خدشہ ہے۔ کیا ایسی صورتحال میں ٹیکس اہدف حاصل ہو سکیں گے، سوالیہ نشان لگ گیا۔

ٹیکس وصولیوں میں کمی، ہدف کیسے حاصل ہوگا؟ اب تک کے موصول ہونے والے اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے لگتا تو یہی ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ٹیکس وصولیاں اپنے ہدف سے 100 ارب روپے زائد کم رہیں گی جبکہ حکومت نے رواں مالی سال ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5 ہزار 500 ارب روپے رکھا ہے۔

ٹیکس وصولیوں کو پورا کرنے کے لئے حکومت پاس صرف دو ہی راستے رہ جاتے ہیں یا تو حکومت منی بجٹ پیش کر کے نئے ٹیکسوں کا نفاذ کرے یا پھر مقامی اور عالمی مالیاتی اداروں سے قرضے لے۔

آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مطابق مالی سال 20-2019 میں ترقی کی شرح 3 فیصد سے کم رہنے کا امکان ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق معاشی سست روی کے باعث حکومت کی جانب سے طے کیا گیا ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنا تقریبا نا ممکن ہی ہوگا۔