کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں تیز بارش کے سبب نیشنل سٹیڈیم کی پچ کو ڈھانپ دیا گیا۔ بارش کی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہے۔ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز بارش کی پیش گوئی کی تھی۔
کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی ٹاون اور ملیر میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں نیشنل سٹیڈیم پہنچ گئیں۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیریز کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں جبکہ سٹیڈیم آنے والوں کیلئے پارکنگ انتظامات اور ٹریفک کیلئے متبادل راستوں کی تفصیلات بھی جاری کی گئیں ہیں۔
یاد رہے تینوں ون ڈے میچز ڈے اینڈ نائٹ ہیں، پہلے ایک روزہ میچ میں جول ولسن اور احسن رضا آن فیلڈ امپائر، مائیکل گف ٹی وی امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے بعد لاہور میں ٹی 20سیریز شیڈول ہے۔