لاہور: (روزنامہ دنیا) کار ڈیلرز کا کاروبار 60 فیصد تک کم ہونے سے شہر کے 30 سے 35 فیصد کار شو رومز بند ہو گئے، پنجاب حکومت کو ٹوکن ٹیکس، ٹرانسفر اور رجسٹریشن فیس کی مد میں نقصان کا سامنا ہے۔
روزنامہ دنیا ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2017-18 میں محکمہ ایکسائز پنجاب کو ٹوکن ٹیکس، ٹرانسفر فیس اور رجسٹریشن فیس کی مد میں 15 ارب کے قریب ریونیو حاصل ہوا تھا جو گزشتہ مالی سال 2018-19 میں کم ہو کر 13سے 14ارب روپے ہوگیا۔
اس حوالے سے لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم اور چیئر مین محمد ادریس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کار لائن سیکٹر کا کاروبار 60 فیصد تک کم ہو چکا ہے، حکومت نے اگر اب بھی مسئلہ کی طرف توجہ نہ دی تو ٹوکن ٹیکس، رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس کی مد میں 5سے 7 ارب کا مزید خسارہ برداشت کرنا ہوگا۔
دوسری طرف صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز کار ڈیلرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے متحرک ہو گئے ہیں۔