اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جار ہی ہیں جس میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہے، ریلی کے شرکا نے مظلوم کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
ڈیرہ بگٹی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، جس میں ایجوکیشن افسران، سکولوں کے طلباء اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی اور کشمیریوں کے حق میں نعرے بلند کئے۔ چاغی، دالبندین سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کی مذمت کی۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی، بہاولپور میں نکالی جانیوالی ریلی میں خواتین اور کالج کے طلباء کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور عالمی برادری سے کشمیریوں پر مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
بھلوال، چشتیاں، کوٹ مومن، بھیرہ، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خان پور، صادق آباد اور بہاولنگر کے شہری بھی کشمیریوں کیلئے سڑکوں پر نکل آئے، طلبا اور بچوں کی بڑی تعداد ریلیوں میں شریک ہوئی۔ شرکا نے قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ انہوں نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے۔
سندھ کے علاقے چھاچھرو میں بھی کشمیریوں سے یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا گیا، ریلی میں طلبا، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت ہوئی، شکار پور اور کندھ کوٹ میں بھی ریلی نکالی گئی۔ لوئر دیر، تیمرگرہ اور ٹانک میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے طلبا، انجمن تاجران اور شہریوں نے ریلی نکالی جس میں جنت نظیر وادی میں ہونیوالے مظالم کی مذمت کی گئی۔