پشاور: (دنیا نیوز) بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کی کزن 54 سالہ نور جہاں طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان کی کزن نورجہاں کو ’منی‘ بھی کہا جاتا تھا وہ شاہ رخ خان کے چچا کی بیٹی تھیں اور دونوں کے درمیان تین سے چار بار ملاقات بھی ہوچکی تھی۔
نورجہاں 2018 میں اس وقت اچانک خبروں میں آگئی تھیں جب انہوں نے پشاور سے انتخابات لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان سگے کزن ہیں جو کہ ان کے چچا تاج محمد کے بیٹے ہیں جو پشاور سے پڑھائی اور روزگار کے سلسلے میں متحدہ ہندوستان کے وقت دہلی منتقل ہوگئے تھے اور اس دوران برصغیر کی تقسیم ہوگئی تو وہ وہیں رہ گئے۔
نورجہاں کے مطابق ان کے آباؤ اجداد کا تعلق وادی کشمیر سے تھا جو 1895 میں ہجرت کرکے پشاور آئے تھے تاہم متحدہ ہندوستان کے وقت قیام پاکستان سے قبل شاہ رخ خان کے والد ممبئی گئے تو وہیں رہ گئے اور وہیں ان کا خاندان بڑھا۔
ان کاکہنا تھا کہ شاہ رخ خان 1978 اور 1980 میں دوبار پشاور آئے تو ان دونوں کی ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت ان کی اور شاہ رخ خان کی عمریں 13 سے 14 برس تھیں۔
انتقال سے قبل نورجہاں کی خواہش تھی کہ وہ ایک بار پھر شاہ رخ خان کو دیکھیں اور وہ چاہتی تھیں کہ بالی وڈ اداکار ان کے پاس آئیں لیکن ایسا نہ ہوسکا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ان کا نماز جنازہ آج رات بارہ بجے ادا کی جائے گا جس کے بعد ان کی تدفین فوری طور پر کر دی جائے گی۔