لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی نامور اداکارہ اور تمغہ امتیاز اپنے نام کرانے والی مہوش حیات بہت جلد بی بی سی کے ایک شو میں جلوہ گر ہونے جارہی ہیں جس کی پروڈکشن کوئی اور نہیں بلکہ ہالی وڈ کی کامیاب اداکارہ انجلینا جولی کررہی ہیں۔
اس حوالے سے اداکارہ مہوش حیات نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں مرد و خواتین کے برابر معاوضے پر بات کرتی نظر آئیں۔
ویڈیو میں انہوں نے سوشل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کرنے پر بھی بات کی اور اس کی اہمیت بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں کہ اداکار اور اداکاراؤں کو برابر معاوضہ دیا جائے تاکہ ان کی برابر عزت بھی ہو۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ اگر سوشل میڈیا کو صحیح انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے اور لوگوں کو اس کے ذریعے آگے بڑھنے میں مدد بھی ملے گی۔
انہوں نے فلموں میں اپنے کرداروں کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ جس قسم کے کردار میں نے فلموں میں ادا کیے وہ دقیانوسی تصورات کے خلاف تھے۔
اس پروگرام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایک ماں ہونے کی حیثیت سے میں خوش ہوں کہ اس پروگرام کو سپورٹ کرسکوں جو بچوں کو بہت کچھ سکھائے گا اور دنیا بھر میں موجود نوجوانوں کو ایک دوسرے سے جوڑے گا۔
اس پروگرام کی اقساط ہر اتوار بی بی سی ورلڈ نیوز پر نشر ہوں گی جبکہ بی بی سی کی 42 مختلف زبان کی سروسز پر بھی اسے شیئر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب مہوش حیات نے انڈسٹری میں مرد و خواتین کے برابر معاوضے کے حوالے سے آواز اٹھائی ہو۔ اس سے قبل بھی اداکارہ کئی پلیٹ فارمز پر اس حوالے سے بات کرچکی ہیں۔