فنکار کرونا وائرس سے متاثرہ غریب طبقے کیلئے بھی یکجا

Last Updated On 23 March,2020 08:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کرونا وائرس سے پیدا ہونیوالی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر فنکار بھی مقابلے کیلئے میدان میں آ گئے ہیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

فنکاروں نے کرونا وائرس سے پیدا ہونیو الے حالات سے متاثر ہونیوالے غریب طبقے کیلئے حکومت سے اقدامات کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن کرے۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت، پاک افواج اور ہم لوگوں کو مل کر ایسی منصوبہ بندی کرنی ہے کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے غریب طبقے کو گھر بیٹھے راشن پہنچایا جائے تاکہ وہ لوگ اس صورتحال میں گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

فخر عالم نے کہا کہ وزیراعظم صاحب جہاں غریب طبقہ زیادہ تعداد میں رہتا ہے، وہاں راشن ڈپو بنائے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ راشن غریب عوام میں تقسیم ہو۔

گلوکار جواد احمد نے کہا کہ وزیراعظم ملک میں ایمرجنسی نافذ کریں اور ملک میں موجود اشرافیہ سے مراعات واپس لے کر غریب طبقے پر لگائیں۔

اداکارہ ثنا فخر نے غریبوں کیلئے حکومت کو اپنا کرداراداکرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اداکارہ ماہرہ خان نے کہا حکومت کو فوری سخت اقدامات کرنے چاہیں۔

اداکارہ دیدار نے کہا کہ لاک ڈاؤن بہت ضروری ہو چکا ہے اور اگر اس لاک ڈاؤن کے باعث کسی غریب کے روزگار کا نقصان ہوتا ہے تو اس کیلئے حکومت کیساتھ ساتھ مخیر حضرات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اداکارہ خوشبو نے کہا کہ حکومت ہروہ قدم اٹھائے جس سے جانیں بچ سکیں ، چاہے اس کیلئے سختی ہی کرنا پڑے۔
 

Advertisement