لاہور: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خطرے پر قابو پانے کیلئے فوج قوم کے شانہ بشانہ ہے۔ سویلین حکومت کی مدد کیلئے دستوں کو طلب کیا گیا ہے۔ محفوظ پاکستان کیلئے اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ دنیا 2005ء کے زلزلے، سیلاب اور دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو دیکھ چکی ہے۔ خطرے پر قابو پانے کے لیے پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف ایک ماہ کی تنخواہ کرونا فنڈ میں دیں گے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے عوام سے اپیل کی کہ کرونا وائرس کیخلاف اس جنگ میں پاک فوج حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں، ہدایات پر عمل کرکے ہی اس سے بچا جا سکتا ہے۔ حکومت اور ڈاکٹرز کی ہدایات پر ذمہ دار شہریوں کی طرح عمل کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئی شک نہیں کہ ہماری بہادر اور غیور قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر اس چیلنج کو عبور کر لے گی۔ یہ مشکل اور سخت فیصلے کرنے کا وقت ہے۔ اب تک ایک ملین سے زائد مسافروں کی سکریننگ کی گئیں۔ کرونا وائرس کے خلاف بیسٹ ڈیفنس آئسولیشن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں اپنے اپنے صوبے میں مزید گائیڈ لائن جاری کریں گی جنہیں یقینی بنایا جائے گا۔ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ صرف فوڈ سپلائی چین کے لیے استعمال ہوں گی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ان حالات میں ریاست پر بھرپور اعتماد ہی صورتحال سے نکلنے میں مدد دے سکتا ہے۔ افواج پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔ پاکستان کو کرونا وائرس کا شدید چیلنج درپیش ہے۔ ایک مرتبہ پھر یکجا ہو کر محفوظ پاکستان کے لیے قوم کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام جدوجہد میں ضرور کامیاب ہونگے۔