گلگت: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کرتے اپنی زندگی کو داؤ پر لگانے والے قومی ہیرو ڈاکٹر اسامہ شہید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
ڈاکٹر اسامہ شہید کی نماز جنازہ تبلیغی مرکز کنوداس میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ قاری محمد اسحاق نے پڑھائی جس کے بعد ان کی تدفین مرکزی قبرستان میں کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس کیخلاف جنگ،ہراول دستےکا کردار ادا کرنیوالے ڈاکٹراسامہ ریاض شہید
خیال رہے کہ گلگت میں کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض جام شہادت نوش کر گئے تھے۔ محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ نہایت ہی افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کی جاتی ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔ شہید کو قومی ہیرو کا درجہ دیا جائے گا۔
کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد ڈاکٹر اسامہ ریاض جگلوٹ گلگت بلتستان ہی میں سکرینینگ کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
ڈاکٹر اسامہ نے قائداعظم میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کی تھی جبکہ اگست 2019ء میں انہوں نے پی پی ایچ آئی گلگت میں بطور ڈاکٹر کام شروع کیا تھا۔
انہوں نے اسی سال فروری 2020ء میں ایف سی پی ایس پارٹ ون کا امتحان بھی پاس کیا اور جولائی میں سپیشلائزیشن میں انڈکشن کے منتظر تھے۔