اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عوام کی ہمت افزائی کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ کمزور طبقے کے تحفظ کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کرونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، حماد اظہر، اسد عمر اور دیگر نے شرکت کی۔
ویڈیو لنک پر گورنر سٹیٹ بینک اور وزیر خزانہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں کرونا وائرس کے پیش نظر مجموعی ملکی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں غریب طبقوں کو ریلیف فراہم کیے جانے کے حوالے سے ممکنہ آپشنز اور تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کمزور طبقے کے تحفظ کے لئے حکومت ہر حد تک جائے گی۔
وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ یقینی بنایا جائے کہ ذخیرہ اندوزی یا صورتحال کا ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جا سکے۔ اس ے علاوہاشیائے خورونوش اور دوائیوں کی فراہمی میں کسی صورت رکاوٹ نہ ہو۔