پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں جزوی لاک ڈاؤن کے دوران میڈیسن، کھاد، کریانہ، آٹا، تندور، دودھ، پٹرول پمپ، گوشت، مرغی، سبزیوں اور پھلوں کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
صوبائی مشیر اطلاعات اجمل وزیر کے مطابق خیبر پختونخوا میں جزوی لاک ڈاؤن میں مزید سات دنوں کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اس دوران ہوٹل، ریسٹورنٹس اور فاسٹ فوڈ کے سینٹر بند رہیں گے جبکہ غیر ضروری اشیا بنانے والی فیکٹریاں بھی ایک ہفتے کے لیے بند کر دی گئیں ہیں۔ بین الااضلاعی ٹرانسپورٹ پہلے سے سات دنوں کے لیے بند ہے۔
اجمل وزیر کے مطابق تمام اضلاع میں مقامی ٹرانسپورٹ بندش پر غور کر رہے ہیں۔ عوام اپنے گلی اور محلوں تک محدود رہیں۔ خیبر پختونخوا میں کرونا کے نئے 275 مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ روز سے صوبہ میں کرونا کا کوئی تصدیق شدہ کیس سامنے نہیں آیا۔