لیجنڈ طارق عزیز کے انتقال پر شوبز انڈسٹری کے اداکار اور گلوکار غمزدہ

Last Updated On 17 June,2020 05:25 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کا ایک بڑا نام طارق عزیز دنیا سے رخصت ہوا جس کے بعد خلاپیدا ہوگیا جسے پُر کرنا ناممکن ہوگا۔ دنیا سے رخصت ہونے پر پاکستانی اداکار اور گلوکار غمزدہ ہیں اور اپنے سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور پی ٹی وی کیلئے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے طارق عزیز کی وفات پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طارق عزیز کی پاکستان کیلئے کی گئی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے اپنا تعزیتی پیغام شئیر کیا جس میں انہوں نے طارق عزیز کی پی ٹی وی نشریات کا اغاز کرنے کی ویڈیو بھی شئیر کی۔

انہوں نے لکھا کہ لیجنڈ طارق عزیز نے طویل عرصے تک پاکستان کی خدمت کی جس کے ہم سب مقروض ہیں۔

اداکارہ ماورہ حسین نے اپنے پیغام میں لکھا کہ’میرے بچپن کو یادگار بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے طارق عزیز آج دنیا سے رخصت ہوگئے، اللہ آپ کو دائمی سکون عطا کرے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں طارق عزیز کا معروف ڈائیلاگ ’دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام‘ بھی تحریر کیا۔

معروف گلوکار علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہماری قوم اپنے ہیروز کو بہت جلد بھول جاتی ہے لیکن طارق عزیز کی شخصیت کبھی نہیں بھلائی جائے گی۔

ٹویٹر پر انہوں نے کہ طارق عزیز کے ساتھ ہی ایک عہد بھی اختتام پزیر ہوا ہے، انہوں نے لکھا کہ طارق عزیز نے ناصرف ہمیں گفٹس بلکہ بہت سی یادیں بھی دی ہیں۔

معروف میزبان و اداکار واسع چودھری نے اپنے ٹوئٹ میں طارق عزیز کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اداکارہ صبا قمر نے ٹویٹر پر لکھا کہ وہ طارق عزیز کی وفات کی خبر سننے کے بعد شدید دل شکستہ ہیں۔

اداکار بلال اشرف نے طارق عزیز کی موت کو ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے لکھا کہ طارق عزیز کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

علی رحمن خان نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ میری زندگی کی نہایت معزز اور دل چسپ شخصیات میں سے ایک طارق عزیز اب ہم میں نہیں ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایک سپر سٹار، مہربان دل اور بہترین شخصیت کو اللہ تعالی ابدی سکون عطا کرے، طارق عزیز ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

اداکارہ منشا پاشا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے۔