لاہور: (ویب ڈیسک) اداکار یاسر نواز کا کہنا ہے کہ ریستوران بند ہونے سے لاکھوں افراد بیروزگار ہوگئے ہیں، سندھ اور وفاقی حکومت دونوں کو مسئلے پر غور کرنا چاہیے۔
انسٹاگرام پر یاسر نواز نے ایک گرافکس تصویر پوسٹ کی جس میں ریستوران اور کیفے سے وابستہ ملازمین کی موجودہ صورتحال کو دِکھایا گیا ہے۔
تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اداکار نے کیپشن میں لکھا کہ گزشتہ 4 ماہ سے پاکستان بھر میں ریستوران اور کیفے وغیرہ بند ہیں اور تقریبا 25 لاکھ افراد ریستوران کی ملازمت سے وابستہ ہیں جن میں سے زیادہ تر ملازمین تو روزانہ کی ملنے والی ٹپس سے اپنا گھر چلاتے تھے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اِس لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سارے کیفے تو مکمل طور پر بند ہوگئے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ بہت سے لوگوں نے تو مکمل طور پر اپنی ملازمت کھو دی ہے۔
اداکار نے سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ آپ دونوں حکومتوں کو اِس اہم مسئلے پر غور و فکر کرنا چاہیے۔