لاس اینجلس: (روزنامہ دنیا) ہالی وڈ اداکارہ کیمرون ڈیاز نے کہا ہے کہ دو سال قبل اداکاری چھوڑنے کے فیصلے کے بعد سے انہیں روحانی سکون مل گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنی ساتھی اداکارہ گئیوتھ پالٹرو کی صحت کے بارے میں کئے گئے پاڈ کاسٹ پر بات کرتے ہوئے کیمرون ڈیاز نے کہا کہ میری روح کو سکون مل گیا ہے جب سے میں نے اپنا خیال رکھنا شروع کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلسل سب کی نظروں میں رہنا بہت تھکا دیتا ہے، جب فلم کی شوٹنگ چل رہی ہوتی ہے تو کئی کئی مہینے اور کچھ کرنے کا وقت نہیں ہوتا،ایسے میں اداکاری چھوڑنے کا خیال دل میں آیا اور عمل کرنے سے روحانی سکون ملا۔
کیمرون ڈیاز کا شمار ہالی وڈ کی معروف اداکاراوں میں ہوتا ہے، انہوں نے چارلی اینجلز، دی ماسک، شریک سمیت متعدد فلموں میں جاندار کردار نبھایا ہے، دی ماسک اور چارلی اینجلز میں ان کی اداکاری کو شائقین نے بے انتہا پسند کیا۔