’’ارطغرل غازی‘‘ کا دورہ پاکستان طے، 9 اکتوبر کو آمد

Published On 08 September,2020 11:16 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) ترک ڈرامہ سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کے مرکزی کردار انگین آلتان کے دورہ پاکستان کا شیڈول طے پا گیا اور سرکاری طور پر بھی اس کا اعلان کردیا گیا ہے، وہ 3 روزہ دورے پر 9 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق سکیل لرز انٹرنیشنل کی سی ای او عائشہ سید نے پریس کانفرنس کے دوران انگین آلتان کے دورہ پاکستان کی تفصیلات بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انگین آلتان نے پاکستانیوں کی محبت کی وجہ سے پاکستان کا دورہ کرنے کی حامی بھری ہے اور وہ کراچی ،لاہور اور اسلام آباد میں 10ہزار سے زائد مداحوں سے ملاقات کرینگے اوران سے بات چیت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عظیم مسلمان ہیرو ارطغرل غازی کون تھے؟

واضح رہے کہ پانچ سیزن پر مشتمل ترکی کے گیمز آف تھرونز کہلانے والے ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ نے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، صرف پاکستان میں اس ڈرامے کو کروڑوں مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور کس طرح اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: ارطغرل غازی نے نوجوان کشمیریوں میں آزادی کی نئی روح پھونک دی

ڈرامے میں ارطغرل غازی کا کردار 41 سالہ انجین التان دوزیتان نے نبھایا ہے جب کہ انکی بیوی حلیمہ سلطان کا کردار 28 سالہ اسرا بلجک نے ادا کیا ہے، سوشل میڈیا پر اسرا بلجک کو بھی شائقین کی جانب سے پاکستان کے دورے کی متعدد بار دعوت دی گئی ہے۔
 

Advertisement