لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کی خوبصورت اور معرف اداکارہ جویریہ سعود نے اسلامی فتوحات پر مبنی اور ترک گیمز آف تھرونز کہلائے جانے والے ڈرامہ سیریل’ارطغرل غازی‘ کے قائی قبیلے کی ٹی شرٹ میں تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ دیکھنے کے بعد سیریز کی محبت میں گرفتار ہونے والی اداکارہ و میزبان جویریہ سعود نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی کچھ نئی تصاویر پوسٹ کیں۔
جویریہ سعود کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں وہ اپنے گھر میں موجود ہیں اور اُنہوں نے نیلے رنگ کی ٹی شرٹ زیب تن کی ہوئی ہے جس پر قائی قبیلے کا نشان بنا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مہربانی کر کے ترک فنکاروں کی جان بخش دیں: سونیا حسین
تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے جویریہ سعود نے تُرک زبان میں ’اے وللّہ‘ بھی لکھا جس کا مطلب ہے ’شکریہ۔‘
اداکارہ نے اپنی اس پوسٹ کا کمنٹ سیکشن بھی بند کیا ہوا ہے تاکہ صارفین اُن کی پوسٹ پر کسی قسم کا کوئی تبصرہ نہ کرسکیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جویریہ سعود نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے لیے تعریفی پیغام جاری کیا تھا، اُنہوں نے لکھا تھا کہ وہ ارطغرل غازی کی محبت میں گرفتار ہوگئی ہیں اور اِس تُرک سیریز نے اُن کی روح کو چُھوا ہے۔
جویریہ سعود نے لکھا تھا کہ اس ترکش سیریز میں دینِ اسلام، ایک حقیقی مسلمان اور مسلمان کی سنتوں کو ایک عمدہ انداز میں پیش کیا گیا ہے جو مغربی سامعین تک با آسانی پہنچ سکتا ہے اور ارطغرل غازی میں مسلمانوں کی وہ تاریخ دکھائی گئی ہے جو اکثر مغربی ثقافتی تاریخ میں ہمیں دیکھنے کو نہیں ملتی۔
خیال رہے کہ اُردو زبان میں نشر کی جانے والی تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے ناصرف پاکستانی عوام کو بلکہ شوبز فنکاروں کو بھی اپنی سحر میں جکڑا ہوا ہے۔