لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلم انڈسٹری کی ایک اور جوڑے میں علیحدگی ہو گئی، اداکارہ و ماڈل روبیا چودھری نے موسیقار میکال حسن شوہر سے طلاق لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب ازدواجی زندگی میں رہنے سے علیحدہ ہو جانا بہترہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سامنے آنے والی شوبز فنکاروں کے درمیان علیحدگی کی یہ تیسری خبرہے ۔ اس سے قبل فرحان سعید، عروہ حسین اور فیروز خان اور علیزہ فاطمہ کے درمیان افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ان کے درمیان طلاق ہو چکی ہے تاہم ان دونوں جوڑیوں نے ابھی تک علیحدگی کی خبروں کی تصدیق نہیں کی۔
مختصر فلم بینچ سمیت متعدد ڈراموں اور فیشن شوز میں ماڈلنگ کرنے والی نامور اداکارہ روبیا چودھری نے شوہر موسیقار میکال حسن سے طلاق لے لی اور اس خبر کی تصدیق سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ انسٹا گرام پر کی۔
روبیا چودھری نے انسٹاگرام پر طویل پوسٹ میں طلاق کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا کہ میں نے چند سال قبل شادی کی تھی اور اب طلاق لے لی ہے۔ میں کبھی اپنی نجی زندگی کو لوگوں کے سامنے نہیں لائی۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ میں کہنا چاہتی ہوں کہ طلاق کا مطلب ہمیشہ غم یا کسی رشتے کی موت ہوجانا نہیں ہوتا ۔ طلاق کا مطلب یہ بھی نہیں ہے کہ لوگ کہیں ہائے بچی کی زندگی تباہ ہوگئی۔
ماڈل نے مزید لکھا کہ طلاق کا ایک مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ بچی کی زندگی تباہ ہونے سے بچ گئی یا زندگی اورمحبت کو دوسرا موقع دینا بھی۔
روبیا چودھری نے مزید کہا میں اپنی طلاق کے حوالے سے کوئی بھی خبرشیئر نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن یہ صرف میرے بارے میں نہیں ہے بلکہ یہ ان سینکڑوں، ہزاروں خواتین کے بارے میں ہے جنہیں باورکروایا جاتا ہے کہ طلاق کے بعد انہیں شرمندگی محسوس کرنی چاہئے کہ ان کی شادی شدہ زندگی کامیاب نہیں ہوئی۔ جنہیں باربار بتایا جاتا ہے کہ ان میں ہی کچھ خرابی ہے اور انہیں ایک مکمل بیوی بننے کے لیے خود کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ بنیادی طور پر میں کہنا چاہتی ہوں الحمداللہ۔
اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے گانے کے الفاظ لکھے، روبیا چودھری نے لکھا کہ کچھ تو لوگ کہیں گے، لوگوں کا کام ہے کہنا، چھوڑو بیکار کی باتوں میں، کہیں بیت نہ جائے رینا۔
روبیا چودھری نے 2016ء میں موسیقار میکال حسن کے ساتھ شادی کی تھی۔ ان دونوں نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھا اور کبھی اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بات نہیں کی۔