فلم انڈسٹری پر برسوں راج کرنے والی اداکارہ رانی کی آج 74 ویں سالگرہ

Published On 08 December,2020 04:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فلم انڈسٹری پر برسوں راج کرنے والی اداکارہ رانی کی آج 74 ویں سالگرہ ہے۔ 27برس قبل دارفانی سے کوچ کرجانے والی رانی کی لازوال اداکاری آج بھی اُن کا نام زندہ رکھے ہوئے ہے۔

اداکارہ رانی کے بارے میں کیا بات کی جائے کہ گویا تم حسن کی خود اک دنیا ہو شاید یہ تمہیں معلوم نہیں محفل میں تمہارے آنے سے ہر چیز پہ نور آ جاتا ہے۔ لہجہ ایسا کہ سننے والوں کے کانوں میں رس گھولے ۔ یوں ہی تو رانی کو فلم انڈسٹری کی اپسرا نہیں کہا جاتا تھا۔

طویل عرصے تک فلم انڈسٹری پر راج کرنےوالی اداکارہ رانی 8 دسمبر 1946کو لاہور میں پیدا ہوئی تھیں۔ اصل نام تو ناصرہ تھا لیکن فلموں میں رانی کے نام سے شہرت حاصل کی۔

1961میں فلمی دنیا میں قدم رکھا، ابتدائی ناکامیوں کے بعد جب اُن کی فلمیں ہزارداستان اور دیوربھابھی ریلیز ہوئیں، توپھر اُنہوں نے کبھی پیچھے مڑ کرنہ دیکھا۔ ہدایتکار حسن طارق کا ساتھ نصیب ہوا تو گویا کامیابیوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔ تہذیب، انجمن، چن مکھناں اور امراؤجان ادا جیسی فلمیں اُنہیں شہرت کی بلندیوں پر لے گئیں۔

یہ بھی عجب سلسلہ رہا کہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی رانی ذاتی زندگی میں ہمیشہ مسائل سے نبردآزما رہیں لیکن اُن کی اداکاری کے انمٹ نقوش آج بھی فلم بینوں کے دلوں پر نقش ہیں۔